واشنگٹن،14؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکا میں سینیٹ کے بعد ایوانِ نمائندگان نے بھی عنقریب اپنے عہدے سے رخصت ہونے والے صدر باراک اوباما کی جانب سے صحت کے شعبے میں متعارف کروائی گئی اصلاحات کے خاتمے کے لیے پہلا قدم اٹھا لیا ہے۔ اس سلسلے میں ہونے والی ایک رائے شماری کے دوران دو سو ستائیس ارکان نے بجٹ کے اُس مسودے کے حق میں ووٹ دیے، جس میں اوباما کیئر نامی اس اصلاحاتی پیکج کو ختم کرنے کی بات کی گئی ہے۔ ایک سو اٹھانوے نے اس مسودے کے خلاف ووٹ دیے۔ جمعرات کو سینیٹ میں بھی اڑتالیس کے مقابلے میں اکیاون ووٹوں سے اوباما کیئر کے خاتمے کی جانب پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا تھا۔ آئندہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ 2010ء میں منظور ہونے والی اور حکومت کی اعانت سے عمل میں آنے والی ہیلتھ انشورنس کو ختم کر دیں گے۔